غزہ میں ہسپتالوں پر حملے جاری، 35 روز میں شہادتیں 11 ہزار سے تجاوز کرگئیں 

10:45 PM, 10 Nov, 2023

نیوویب ڈیسک

غزہ:غزہ میں 35 روز سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 266 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہزار 78 ہوگئی ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید افراد میں 4506 بچے، 3027 خواتین اور 678 معمر افراد بھی شامل ہیں۔اس عرصے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 27 ہزار 490 فلسطینی زخمی ہوئے۔بیان کے مطابق 2700 افراد بشمول 1500 بچے اب بھی عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری ایک الگ بیان میں بتایا گیا کہ غزہ میں طبی نظام کے خلاف اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور 9 نومبر کی شب سے اب تک غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال پر کم از کم 5 بار بمباری کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر سے طبی مراکز پر اب تک 270 سے زائد حملے کیے جا چکے ہیں۔ان حملوں کے باعث 35 میں سے 21 ہسپتال بند ہو چکے ہیں جبکہ 72 میں سے 51 طبی مراکز بھی کام نہیں کر رہے۔حملوں سے 57 ایمبولینسوں کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے 53 مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

مزیدخبریں