دبئی :بھارتی اور یواے ای کے میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے طلاق کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی ٹی وی زی نیوز اور خلیجی اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے درمیان علیحدگی کی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی تاہم دونوں کے قریبی دوستوں کے مطابق ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ثانیہ دبئی میں علیحدہ گھر میں منتقل ہوگئی ہیں۔
بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اس وقت دبئی میں مقیم ہیں جبکہ پاکستانی کرکٹر شعیب ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے نجی اسپورٹس چینل کے ساتھ پروگرام کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ ’انسٹاگرام‘ پر اپنے بیٹے کے ساتھ تصویر پوسٹ کی جس میں لکھا تھا کہ ’وہ لمحات جو مشکل ترین دنوں میں میرا ساتھ دیتے ہیں‘۔ اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں کے علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان میں شعیب ملک کے مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ٹیم رکن نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں کے درمیان باضابطہ طور پر علیحدگی ہوچکی ہے، میں مزید تفصیلات نہیں بتانا چاہتا لیکن اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی ہے‘۔