رانا ثناء اللہ نے لیگی کارکنوں کو پی ٹی آئی سے سڑکیں خالی کروانے کی ہدایت کردی 

04:44 PM, 10 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیرِداخلہ رانا ثناءاللہ کا پی ٹی آئی کا سڑکیں بند کرنے کے حوالے سے رد عمل سامنے آیا ہے۔ کہتے ہیں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کو کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کارکنوں سے سڑکیں کھلوانے میں کردار ادا کریں۔ 

وفاقی وزیرِداخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی حفاظت اور سرکاری پروٹوکول میں پی ٹی آئی کارکنان کے سڑکیں بند کرنے سے عوام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ عوام کے کاروبار،خوشی غمی میں شرکت اورتعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ مریض ہسپتالوں میں پہنچے سے قاصر ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف ناقابل برداشت ہے بلکہ لاکھوں عوام کے لئے تکلیف دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی کے مٹھی بھر کارکنان کرسیاں ڈال کر پولیس کی ایما پر گزشتہ چار روزسے عوام کو پریشان کررہے ہیں۔ حالیہ پریشان کن صورتحال سے عوام کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے۔ ہم کسی قسم کا سیاسی تصادم نہیں چاہتے اور ناں ہی اسکی اجازت دے سکتے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  اندیشہ ہے عوام اب عمران خان کے فسادی اور فتنہ انگیز پیروکاروں کا خود محاسبہ شروع کر دینگے۔ میری مسلم لیگ ن کے مقامی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی سے اپیل بھی ہے کہ وہ عوام کو ان مشکلات سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزیدخبریں