ایڈیلیڈ: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارت اور انگلینڈ کا سیمی فائنل میچ آج ایڈیلیڈ میں کھیلا جا رہا ہے ۔ اس میچ میں انگلش ٹیم نے دو تبدیلیاں کی ہیں ، فِل سالٹ اور کرس جورڈن کی میچ میں انٹری ہوئی ہے ۔ یہ میچ جیتنے والی ٹیم اتوار کو میلبرن میں پاکستان کے ساتھ فائنل کھیلے گی ۔ انڈین ٹیم گروپ ٹو میں پہلے نمبر پر رہی جبکہ انگلینڈ نے گروپ ون میں دوسرا نمبر لیا ۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے باؤلرز کے بعد بابراعظم اور محمد رضوان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیرل مچل کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے تھے۔
ڈیرل مچل نے 35 گیندوں پر 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے اور کین ولیم سن نے 42 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوون کونوے 21، جیمی نیشام 16 اور فن ایلن 4 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 24 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 105 رنز جوڑ کر جیت کی بنیاد رکھی۔ بابراعظم 43 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے جبکہ محمد حارث نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 33 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور مچل سینٹنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی کرکٹ ٹیم نے تیسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا ہے جبکہ اس سے قبل قومی ٹیم 2007ءاور 2009 ءمیں کھیلے گئے ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی تھی۔