ڈھاکہ: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے تشکل دی گئی کمیٹی مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق تحقیقات کرتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں مزید فیصلے کئے جانے کا بھی امکان ہے۔
بی سی بی کے سابق سربراہ صابر حسین چوہدری نے بھی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر بورڈ کے سربراہ نظم الحسن پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نظم الحسن کی سربراہی میں چار ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں اور حالات بد سے بدتر ہوتے چلے گئے ہیں، سب سے زیادہ عرصے رہنے والے بورڈ کے صدر بھی سب سے زیادہ نااہل ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم سپر 12 مرحلے میں اپنے پانچوں میچز میں ہی کامیاب نہ ہو سکی جبکہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں اسے سکاٹ لینڈ سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پوری ٹیم صرف 73 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور آسٹریلیا نے ہدف 38 گیندوں پر حاصل کر لیا تھا۔
اس بدترین شکست پر سابق آسٹریلوی کھلاڑی مارک وا نے بھی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی ٹیم وہ کارکردگی نہ دکھاسکی جس کی ان سے توقع تھی۔