ایران کے وزیر خارجہ دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

08:56 PM, 10 Nov, 2020

اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ نور خان ائیر بیس پر ایڈیشنل سیکریٹری اے آئی ٹی صفدر حیات، ایرانی سفیر سید محمد حسینی۔ ایرانی سفارت خانے اور وزارت خارجہ کے حکام نے ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ 

ایران کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد ابراہیم طاہریان بھی جواد ظریف کے ہمراہ وفد میں شامل ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ اعلی سطح کا سیاسی و اقتصادی وفد بھی اسلام آباد پہنچا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ دورہ پاکستان میں کل سے اپنی باقاعدہ ملاقاتوں کا آغاز کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جواد ظریف کل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔

ڈاکٹر جواد ظریف کل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے وفود کی سطح کے مذاکرات کریں گے۔ جواد ظریف کل پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ جواد ظریف کل شام انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں ایک لیکچر بھی دیں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ ملاقاتوں میں پاک ایران باہمی تعلقات، متوقع پی فائیو پلس ون معاہدے کی بحالی کے تناظر میں آئی پی گیس پائپ لائن پر خصوصی بات چیت کریں گے۔ ملاقاتوں میں افغانستان میں قیام امن اور پاک ایران معاشی تعلقات سمیت پاک ایران سرحدی انتظامی امور اور غیر قانونی منشیات و انسانی اسمگلنگ پر گفتگو کی جائے گی۔

مزیدخبریں