گلگت : مسلم لیگ ( ن ) کے سابق صوبائی وزیر گلگت بلتستان میجر (ر) امین ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر گلگت میجر (ر) امین نے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے وژن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔
انہوں نے کہا کہ کافی سوچ و بچار کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا اور شریف خاندان کا بیانیہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی قبول نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت کے عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں جبکہ کرپشن کا ریکارڈ توڑنے اور گلگت کو محرومیوں کی نظر کرنے والوں کا ساتھ نہیں دے سکتا۔
ملاقات کے دوران میجر (ر) امین نے اپنے حلقے میں تحریک انصاف کی امیدوار آمنہ انصاری کی بھر پور حمایت کا بھی اعلان کیا ۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے میجر (ر) امین کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کامیایبوں کا یہ سلسلہ ہر حلقے اور شہر تک وسیع کریں گے اور 15 نومبر گلگت کے حوالے سے تاریخ ساز دن ہو گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہباریاں لگا کر گلگت کو محرومیوں کے حوالے کرنے والوں کا ووٹ کی پرچی سے احتساب کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ شکست کے واضح آثار نے شریفوں اور زرداریوں کی نیندوں کو اڑا کر رکھا دیا ہے۔ اب دھاندلی کے شور سے شکست کی خفت مٹانے کی منصوبہ بندی کرنے والوں پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں جبکہ اللہ کے فضل اور عوام کے ووٹ سے مضبوط حکومت قائم کریں گے۔