دو ہزاراٹھارہ کے انتخابات میں دھاندلی کرنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، مریم نواز

02:25 PM, 10 Nov, 2020

چھوگام: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی کرنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام یہاں دھاندلی کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 

گلگت بلتستان کے علاقے چھوگام میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام بڑے دل والے ہیں، بہن اور بیٹی کی عزت کرنا جانتے ہیں، میں یہاں کے عوام کی محبت کو فراموش نہیں کر سکتی۔ اس رشتے کو مریم نواز بھی اپنی آخری سانس کے ساتھ نبھائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ استور میں گرلز کالج کی ڈیمانڈ آئی ہے جسے ضرور پورا کریں گے، گلگت بلتستان میں یونیورسٹی بھی قائم کریں گے، کوشش کریں گے گلگت بلتستان کے طلبہ کو لیپ ٹاپ بھی دیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جھوٹے حکمرانوں کی قسمت میں عوام کی خدمت کرنا نہیں ہے۔ نواز شریف گلگت بلتستان کو صوبہ بنا کر یہاں کے عوام کو دیں گے اور تمام وعدے پورے کریں گے۔ گلگت بلتستان شیروں کی دھرتی ہے اور یہاں کا لیڈر بھی شیر ہونا چاہیے۔ کسی گیدڑ کو گلگت بلتستان پر قبضہ کرنے کی کوشش نہیں کرنے دیں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عوام لوٹوں کو کسی طور ووٹ نہ دیں، انہیں پوری طرح مسترد کر دیں۔ جعلی حکمرانوں نے کہا تھا ملک کو مسائل سے نکال دیں گے۔ ڈھائی سال بعد کہہ رہے ہیں میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں جو مسائل حل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنی چاہیں دھاندلی کر لیں، جتنے چاہے مسلم لیگ (ن) کے لوگوں کو توڑ لیں، بزدل لوگ لوٹے تو ہوسکتے ہیں مگر بہادر جھکتے اور بکتے نہیں، گلگت بلتستان کے لوگ غیور اور اپنی دھن کے پکے ہیں۔ یہاں کے عوام اپنے ووٹ کا صحیح حق استعمال کرنا جانتے ہیں۔ وہ ایسے لوگوں کو ووٹ نہیں دیں گے جو خواتین کا احترام کرنا نہیں جانتے۔

مریم نواز نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ان کا چہرہ اچھی طرح پہچانتے ہیں۔ انہوں نے نواز شریف کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا۔ گلگت بلتستان کے لوگ باشعور ہیں، وہ ایسے شخص کو منتخب نہیں کریں گے جو ان کا نگہبان نہ ہو۔ یہ حکومت جانے والی ہے، اسے جانے سے اب کوئی نہیں روک سکتا۔ پورا پاکستان آج جھولیاں اٹھا کر انہیں بددعائیں دے رہا ہے۔ جنہیں پاکستان سے بد دعائیں مل رہی ہوں، انہیں گلگت بلتستان کے لوگ ووٹ کیسے دے سکتے ہیں؟

ملک میں جاری معاشی مسائل پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اتنی بیڈ گورننس اور مہنگائی پہلے کبھی نہیں ہوئی، جتنی اب ہے۔ پاکستان کے عوام ملک میں موجود مسائل سے انتہائی پریشان ہیں۔ پاکستان کے عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں، گلگت بلتستان کے لوگ بھی انہیں مسترد کر دیں گے۔

مزیدخبریں