کراچی: پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی سے کشمور تک تباہی کی ذمہ دار صرف پیپلز پارٹی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عوام کا پرانی سیاسی جماعتوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔ کراچی میں کچھ روز پہلے جلسہ ہوا، وہ 11 اور ہم اکیلے تھے۔ وہ سیاسی جماعتیں پورے پاکستان اور سندھ سے عوام کو لائیں۔ جلسے میں حکومتی پارٹی نے سرکاری وسائل کا استعمال کیا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کیلئے 1100 ارب کے پیکج کا اعلان ہوا مگر 11 روپے بھی نہیں آئے۔ یہ رقم صرف کاغذات کی حد تک رہی۔ کراچی کو کچھ نہ ملا، کیمرے بند ہوئے تو سب خاموش ہوگئے۔ اب اگر دوبارہ کراچی میں کچھ ہوگا تو ڈرامہ رچایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کتے لوگوں کو کتے کاٹ رہے ہیں، مگر ویکسین نہیں ہے۔ کراچی دنیا کا سب سے گندا ترین شہر بن چکا ہے جہاں سب سے زیادہ بیروزگاری ہے۔ سندھ حکومت کو 8342 ارب ملے، مگر کہاں خرچ ہوئے، اس بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی والوں کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف کو یقین ہی نہیں آ رہا کہ وہ حکمران جماعت ہے، وہ آج تک انتخابی بیانیے پر حکومت چلا رہے ہیں۔ وزیراعظم اپوزیشن سے بات نہ کرنے کا کہہ کر آئینی بحران لے آئے۔ آج بھی ان کا وہی بیانیہ ہے جو حکومت میں آنے سے پہلے تھا۔ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں ہم چوروں سے بات نہیں کریں گے۔ وزیراعظم اپوزیشن سے بات نہیں کریں گے تو ملک کسی نے تو چلانا ہے۔