ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کی اہلیہ نے صاحبزادے کی پہلی تصویر شیئر کردی جبکہ کنگ خان نے بھی اپنے چھوٹے بیٹے ابراہم کی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکاروں نے دیوالی کے ایک روز بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے اپنے صاحبزادوں کی تصاویر شیئر کیں، شاہد کپور نے اپنی بیٹی میشا کپور کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر متعارف کرایا تو اُن کی اہلیہ نے بھی دو ماہ کے صاحبزادے کی تصویر شیئر کردی۔ دونوں نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایک ہی لفظ لکھا ’ہیلو ورلڈ‘۔
سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی میشا اور زین کی تصاویر کو مداحوں نے بہت پسند کیا اور دونوں کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ شاہد کپور کے بھائی ایشان کیتھر نے ’جان بچہ‘ لکھ کر کمنٹس کیا۔
یاد رہے کہ شاہد کپور کے صاحبزادے زین کی پیدائش 6 ستمبر کو ہوئی تھی جس پر اداکار نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’خدا کا شکر ہے کہ آج ہماری فیملی مکمل ہوگئی۔دوسری جانب کنگ خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے صاحبزادے ابراہم کی تصویر شیئر کی جو اپنی والدہ گوری کے ساتھ موجود تھا۔
ابراہم نے جو ٹی شرٹ زیب تن کی ہوئی تھی اُس پر ماں کی محبت سے متعلق الفاظ کچھ اس طرح درج تھے کہ ’ماما میری ملکہ ہیں‘۔