سندھ حکومت کا صوبے بھر میں پولی تھین بیگز استعمال کرنے پر پابندی کافیصلہ

02:38 PM, 10 Nov, 2018

کراچی: سندھ حکومت نے شاندار اقدام کرتے ہوئے صوبہ بھر میں پولی تھین کے بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں محکمہ ماحولیات کے حکام نے بتایا کہ پولی تھین بیگ کی تیاری اور استعمال جرم ہے۔

ترجمان کے مطابق 3 ماہ میں مرحلہ وار تمام اضلاع میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی۔کابینہ نے پولی تھین بیگ کے استعمال کے خلاف محکمہ ماحولیات کی سفارشات کی منظوری دے دی۔


اجلاس کے دوران بیمار و معمر قیدیوں کی رہائی کے لیے ہر 3 ماہ میں نئی لسٹ مرتب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کابینہ نے خطرناک امراض میں مبتلا معمر قیدیوں کی رہائی کی بھی منظوری دی۔


ترجمان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ جیل کی میڈیکل کمیٹی معمر قیدیوں کی تفصیلات کابینہ کو ارسال کرے گی جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ذریعے رہائی پانے والے قیدیوں پر نظر رکھی جائے گی۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے غیرملکی اور زرِ ضمانت نہ ہونے والے قیدیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق قیدیوں کو سندھ حکومت ضمانت ادا کرکے رہا کرے گی۔اجلاس میں گورنر، وزیراعلیٰ، وزیرداخلہ، اسپیکر، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور 2 ایڈیشنل آئی جیز کو بلٹ پروف گاڑی دینے کی منظوری بھی دی گئی۔

دوسری جانب کابینہ نے مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کی سربراہی میں سندھ پولیس میں تقرری و تعنیاتی ڈرافٹ رولز پر غور کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی، جس میں امتیاز شیخ، شبیر بجار، آئی جی پولیس اور سیکریٹری داخلہ شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق کمیٹی سندھ پولیس رولز کا جائزہ لے کر کابینہ کو رپورٹ دےگی۔

مزیدخبریں