نیب نے شہباز شریف کی رمضان شوگر ملز کیس میں بھی گرفتاری ڈال دی

12:01 PM, 10 Nov, 2018

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو آج آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں قومی احتساب بیورو (نیب) نے رمضان شوگر ملز کیس میں بھی ان کی گرفتاری ڈال دی۔

واضح رہے کہ شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کے سلسلے میں 5 اکتوبر سے قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں ہیں۔

احتساب عدالت میں آج شہباز شریف کی چوتھی پیشی ہے جس کے لیے انہیں اسلام آباد سے لاہور لایا گیا۔ اس موقع پر احتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

احتساب عدالت کے جج نجم الحسن، شہباز شریف کے خلاف کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ سماعت کے آغاز پر باہر موجود وکلاء نے کمرہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا شروع کیا جس سے سماعت میں خلل پڑا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جج صاحب یہ کارکن نہیں، وکلاء دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں۔ اس موقع پر جج نے شہباز شریف سے استفسار کیا کہ یہ وکلاء آپ کے لیے آئے ہیں؟

شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ ہم نے ان وکلا کو نہیں بلایا ہم تو چاہتے ہیں کہ اچھے حالات میں سماعت ہو۔جس پر احتساب عدالت کے جج نے ایس پی کو طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیا میں ان حالات میں سماعت کروں گا؟۔

دوران سماعت نیب نے شہباز شریف سے مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ میں 15 دن کی توسیع کی استدعا کی۔

مزیدخبریں