رابطہ کمیٹی اپنے فیصلوں سے کارکنوں میں اپنا اعتماد کھو چکی ہے، فاروق ستار

11:36 AM, 10 Nov, 2018

1کراچی: کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ مجھ سے جان چھڑانے کی کوشش بہت پہلے سے جاری ہے عامر خان اور کنور نوید بتائیں کہ ان کے کتنے اثاثے ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی اور رابطہ کمیٹی میں کچھ لوگوں کا قبضہ ہے جبکہ تنظیم کے نظریے اور منشور پر نقصان ہو رہا ہے۔ رابطہ کمیٹی اپنے فیصلوں سے کارکنوں میں اپنا اعتماد کھو چکی ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اب ایم کیو ایم میں انٹرا پارٹی الیکشن ہونے چاہئیں اور پارٹی کے لاکھوں کارکنان ان تمام فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم سیاسی و جمہوری طریقے سے پارٹی چلانا چاہتے ہیں اور میں نے کسی کی دم پرپاؤں نہیں رکھا ہے جو لوگ تلملا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 23 اگست کے بعد سربراہی سنبھالی تو پتا چلا کہ پارٹی میں کیا کچھ ہو رہا ہے۔ سب کو بارہا سمجھایا کہ آپ لوگ انسان بن جائیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران لیاری کی ایک خاتون فاروق ستار کے پاس دہائی دینے چلی آئی اور مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بیٹے کو پولیس نے جھوٹے مقدمے میں پکڑا ہے اسے چھڑوا دیں۔

خاتون کی دہائی پر فاروق ستار نے اپنی روداد سناتے ہوئے کہا کہ میرا تو اپنا کیس چل رہا ہے میں کیا مدد کروں۔ ہم پر تالی بجانے کا کیس بنا دیا گیا ہے لیکن ہم نے پاکستان زندہ آباد کا نعرہ لگایا تب بھی کیس بن گیا۔

مزیدخبریں