اسلام آباد: پاکستانی سفارت خانے کی کوششیں رنگ لے آئیں اور عراقی دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر کئی روز سے محصور زائرین کو واپس وطن بھیج دیا گیا۔
واضح رہے کہ 100 زائد پاکستانی زائرین منگل سے بغداد ایئرپورٹ پر محصور تھے جنہیں غیر ملکی پرواز ای کے 944 کے ذریعے براستہ دبئی لاہور آنا تھا تاہم قافلے کا سالار پرواز کی روانگی سے قبل پاسپورٹس سمیت اچانک غائب ہو گیا اور روانگی کے 3 گھنٹے بعد مسافروں کو پاسپورٹ واپس ملے۔
جس کے بعد زائرین نے حکومت سے وطن واپسی میں مدد کرنے کی اپیل کی تھی جس پر دفتر خارجہ نے اقدامات اٹھائے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے آج اپنے ٹوئٹر پیغام میں زائرین کو وطن آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ عراق میں پاکستانی سفارتخانہ تمام زائرین کو وطن بھیجنے میں کامیاب ہو گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹور آپریٹر کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے زائرین کے لیے مسائل پیدا ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے عراق میں پاکستانی سفیر ساجد بلال اور ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق زائرین غیر ملکی پرواز کے ذریعے اتوار کو کراچی پہنچیں گے۔