کولمبو: الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر متھری پالا نے نامزد وزیراعظم کو مطلوبہ ووٹ نہ ملنے پر پارلیمنٹ تحلیل کر دی ہے جس کے نتیجے میں ملک میں دو ماہ سے جاری سیاسی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔
صدر سری سینا نے 2 ہفتے قبل وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے کو معزول کر کے اپوزیشن لیڈر اور سابق صدر مہندرا راجا پاکسے کو نیا وزیراعظم مقرر کیا تھا تاہم وہ پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل نہیں کر سکتے تھے جس کی وجہ سے صدر نے پارلیمنٹ تحلیل کر دی۔
اب ملک میں وقت سے دو سال پہلے 5 جنوری 2019 کو عام انتخابات ہوں گے جس میں عوام 225 رکنی پارلیمنٹ کا انتخاب کریں گے۔ جنرل الیکشنز تک مہندرا راجا پاکسے ملک کے عبوری وزیراعظم رہیں گے۔ وہ 2005 سے 2015 تک صدر بھی رہ چکے ہیں۔ دوسری طرف برطرف وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا ہے اور وہ اب بھی خود کو آئینی وزیراعظم قرار دیتے ہیں۔
وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے کی برطرفی کے بعد صدر سری سینا پر اقوام متحدہ، امریکا اور یورپی یونین کا شدید دباؤ تھا کہ پارلیمنٹ میں نئے الیکشن کرا کر جس کی اکثریت ہو اسے وزیراعظم بننے کا موقع دیا جائے۔ تاہم انہوں نے وزیراعظم کے انتخاب کی بجائے عام انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا کیونکہ ان کے حامی راجا پاکسے کو موجودہ اسمبلی میں اکثریت حاصل نہیں۔