سعودی کمپنی آرامکو کے حصص کے فروخت کی تیاریاں مکمل ہیں:سعودی ولی عہد

07:45 PM, 10 Nov, 2017

سعودی کمپنی آرامکو کے حصص کے فروخت کی تیاریاں مکمل ہیں:سعودی ولی عہد
سعودی کمپنی آرامکو کے حصص کے فروخت کی تیاریاں مکمل ہیں:سعودی ولی عہد

جدہ:سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ قومی تیل کمپنی سعودی آرامکو کے آیندہ سال پانچ فی صد حصص کی پہلی مرتبہ فروخت کے لیے تمام تیاریاں درست ٹریک پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد نے کہا ہے کہ آرامکو کے پانچ فی صد حصص سعودی عرب کے ویڑن 2030ءکے تحت فروخت کیے جارہے ہیں۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اندرون ملک کے علاوہ نیویارک ، لندن ، ٹوکیو ، ہانگ کانگ ایسی بین الاقوامی اسٹاک ایکس چینجز نےآرامکو کی جزوی لسٹنگ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔البتہ کون سی اسٹاک ایکس چینج آرامکو کے حصص فروخت کے لیے پیش کرے گی،اس کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔اس وجہ سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ آرامکو کے حصص کی فروخت کو 2018 میں مزید کچھ وقت کے لیے مو¿خر کیا جاسکتا ہے یا پھر سرے سے اس معاملے ہی کو یکسر ملتوی کیا جاسکتا ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ ہم 2018ءمیں حصص کی فروخت کے لیے بالکل ٹریک پر ہیں۔البتہ ابھی لسٹنگ کی تفصیل پر بات چیت جاری ہے۔سرمایہ کار ایک عرصے سے آرامکو کی مالیت کے بارے میں قیاس آرائیاں کرتے رہے ہیں لیکن شہزادہ محمد نے اپنے انٹرویو میں بتایا ہے کہ آرامکو کی کل قدر کا تخمینہ دو کھرب ڈالرز ہے۔ جب اتنی بڑی کمپنی کے حصص فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں تو پھر قیاس آرائیاں تو ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آرامکو حصص کی فروخت کے دن خود ہی اپنا آپ ثابت کردے گی۔ جب میں اس کی قدر کے بارے میں بات کرتا ہوں تو یہ دو کھرب ڈالرز کی بات ہوتی ہے لیکن یہ دو کھرب ڈالرز سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔

مزیدخبریں