بیروت:لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت کے دو بحری جنگی جہازوں نے لبنان کے سمندری حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لبنانی فوج کے رابط دفتر نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے دو بحری جنگی جہاز بحیرہ روم میں راس الناقورہ کے سمندری علاقے میں داخل ہو گئے۔صیہونی حکومت کے اس اشتعال انگیز اقدام کے بعد لبنانی فوج نے اس سلسلے میں جنوبی لبنان میں تعینات بین الاقوامی فوج کو باخبر کر دیا۔
البتہ جنوبی لبنان میں تعینات بین الاقوامی امن فوج کی جانب سے صیہونی حکومت کی اس خلاف ورزی پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔اس سے قبل صیہونی حکومت کے جارح لڑاکا طیاروں نے بھی لبنانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔
دو ہزار چھے میں لبنان کے خلاف تینتیس روزہ جنگ کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے جاری کی جانے والی قرارداد سترہ سو ایک میں صیہونی حکومت کو لبنان کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات پر خبردار کیا گیا ہے مگر یہ غاصب حکومت، لبنانی فضائی، برّی اور بحری حدود کی مسلسل خلاف ورزی کرتی چلی آرہی ہے۔