راولپنڈی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) کا دورہ کیا۔وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں، اشتعال انگیزیوں اور معصوم جانوں کے نقصان کی مذمت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پہنچے جہاں کورکمانڈر راولپنڈی نے ان کا استقبال کیا جب کہ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے لائن آف کنٹرول پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی جس میں انہوں نے مادر وطن کے دفاع اور کشمیریوں کی حفاظت کے لیے جوانوں کی قربانیوں کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق وزیراعظم کو جنرل آفیسر کمانڈنگ کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے سمیت پاک فوج کے موثر جواب پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے شہدا اور زخمیوں کے خاندانوں کے لیے مالی معاونت اور علاقے کی فلاح کے لیے فنڈز کا اعلان کیا اور ساتھ ہی شہریوں کی حفاظت کے لیے بنکرز بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بھارتی اشتعال انگیزیوں سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات میں نے ان کے حوصلے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی اخلاقی وسیاسی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ دنیا کی کوئی بھی فوج پاک فوج کے مقابلے میں نہیں ہے، دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کی بحالی ہمارا عزم ہے۔