ملک بھر میں چہلم شہدائے کربلا عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

09:40 AM, 10 Nov, 2017

لاہور: ملک بھر میں آج شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے اور سلسلے میں مختلف شہروں سے جلوس بھی برآمد ہوں گے۔  شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں اور مقررہ راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر بند کیا گیا ہے۔

کراچی اور پشاور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے جب کہ شہر قائد میں صبح 10 سے رات 10 بجے تک موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔

کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں پر اختتام پذیر ہو گا۔

 راولپنڈی میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلے سے برآمد ہو گا۔ جلوس کی قیادت قائد ملت جعفریہ سید حامد علی شاہ موسوی کریں گے۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے گزرتا ہوا کالج روڈ پہنچے گا اور جلوس رات 10 بجے کے قریب امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

پشاور میں شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں آج 3 جلوس برآمد ہوں گے۔ پہلا جلوس دوپہر ایک بجے امام بارگاہ اخوند آباد چرچ روڈ سے برآمد ہو گا جب کہ دوسرا جلوس امام بارگاہ کربلا کوچہ رسالدار اور تیسرا جلوس دوپہر 2 بجے مرکزی شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار سے برآمد ہو گا۔

کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہو گا جب کہ جلوس کے راستوں پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں