لاہور : پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے بعد شروع ہونے والے احتجاج کے دوران پرتشدد کارروائیوں میں صوبے میں 145 سے زیادہ افسران اور اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں 60 سے زیادہ کا تعلق لاہور سے ہے۔
پولیس کے مطابق شرپسند عناصر نے 60 سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔پنجاب پولیس کے اعلامیے کے مطابق اب تک سرکاری و نجی اداروں پر حملوں، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1280 سے زیادہ شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا تھا اس کے بعد ملک بھر میں احتجاج شروع ہوگیا تھا۔