اسلام آباد: اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملات پہلے بار نہیں ہوئے بلکہ ایسے چیلنجز آتے رہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف نے کہا کہ قانون اور آئین میں ہمیشہ ترامیم کی گنجائش ہوتی ہے اور مستقبل میں رکاوٹوں سے بچنے کیلئے تجربات کی روشنی میں آئین کی تشریح اور ترامیم کی جا سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ معاملہ غلط ہو تو وجوہات بیان کرکے اسے واپس بھیجا جا سکتا ہے لیکن اگر کوئی ضد کرے تو اس کا کوئی علاج نہیں ہے، وفاقی حکومت ایک جماعت کی نہیں ، یہ مخلوط حکومت ہے جس میں ایک جماعت کے سوا سب جماعتیں شامل ہیں۔
اشتر اوصاف نے کہا کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال ہو تو یہ کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ میرا اور آپ کا نقصان ہے، ہمیں پاکستان کے خلاف کام کرنے والی اندرونی اور بیرونی قوتوں سے ملک کومحفوظ رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی کے دوبارہ انکار کے بعد وفاقی حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق نئے گورنر کی تقرری تک سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔
گورنر پنجاب کو ہٹانے جیسے چیلنجز آتے رہتے ہیں: اٹارنی جنرل آف پاکستان
02:27 PM, 10 May, 2022