ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کی سمری گورنر کو ارسال

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کی سمری گورنر کو ارسال

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دیتے ہوئے سمری گورنر پنجاب کو بھجوا دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ایڈووکیٹ جنرل کو ہٹانے سے متعلق محکمہ قانون کی سمری کی منظوری دیدی ہے جسے سیکرٹری قانون کے دستخط کیساتھ گورنر کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ سمری میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اختر جاوید کو قائم مقام ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری نے بھی ایڈووکیٹ جنرل کو ہٹانے کی سمری گورنر پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری کو بھجوا دی ہے۔
واضح رہے کہ احمد اویس کو عثمان بزدار حکومت نے ایڈووکیٹ جنرل تعینات کیا تھا جبکہ موجودہ حکومت پہلے ہی ایڈووکیٹ جنرل کے متعلق کہہ چکی کہ وہ حکومت کی نمائندگی نہیں کرتے۔ 
یاد رہے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ کا حمزہ شہباز کے حلف کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ محکمہ قانون کی جانب سے احمد اویس کو پہلے ہی عدالتوں میں پیش ہونے سے روک دیا گیا تھا۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کو نوٹس کیا گیا اور نہ انہیں سنایا گیا جبکہ صدر پاکستان کیس میں فریق نہیں تھے تو انہیں کیسے ہدایات جاری ہو سکتی ہیں، آئین کے تحت صدر اور گورنر کو ہدایات جاری نہیں کی جا سکتیں۔ 

مصنف کے بارے میں