کابل،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پر امن افغانستان کا مطلب پر امن خطہ بالخصوص پر امن پاکستان ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کا دورہ کیا، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل حمید بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران سپہ سالار کی افغان صدر سے ملاقات ہوئی۔ برطانوی چیف آف ڈیفنس بھی ملاقات میں موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، افغان مفاہمتی عمل میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیاگیا، سکیورٹی، دفاعی تعاون، مؤثر بارڈر مینجمنٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے مفاہمتی عمل میں سنجیدہ کردار پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کی عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں افغان امن عمل کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران جنرل باجوہ نے کہا کہ پر امن افغانستان کا مطلب پر امن خطہ بالخصوص پر امن پاکستان ہے، پاکستان افغان عوام کی دیرپا امن کی کوشش کی حمایت کرتا رہے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی چیف آف ڈیفنس جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے ملاقات کی، خطے کی سیکورٹی صورتحال اور افغان امن عمل میں ہونے والی حالیہ پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔