نئی دہلی ،بھارتی اداکار و یوٹیوبر راہول وہرا کی اہلیہ نے اسپتال کی غلفت اور آکسیجن نا ملنے کو شوہر کی موت کی وجہ قرار دیا۔ گزشتہ روز 35 سالہ معروف یوٹیوبر راہول وہرا کورونا سے چل بسے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راہول وہرا کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی موت کا ذمہ دار ہسپتال انتظامیہ کو ٹھہرایا ہے ۔
کورونا وائرس کے باعث ایک روز قبل انتقال کرنے والے راہول وہرا نے اپنی موت سے ایک روز قبل فیس بک پر پوسٹ میں لکھا تھا کہ اگر مجھے اچھا علاج مل جاتا تو میں بچ جاتا۔
اب راہول وہرا کی اہلیہ نے اسپتال پر علاج کی بہتر سہولتیں نہ دینے کا الزام عائد کیا ہے اور شوہر کی آخری دنوں کے علاج کی ویڈیو پوسٹ کی ہے۔
ان کی اہلیہ نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میرا راہول چلا گیا لیکن کسی کو نہیں پتا کیسے گیا، راجیو گاندھی اسپتال میں اس طرح سے علاج کیا جاتا ہے، امید کرتی ہوں میرے شوہر کو انصاف ملے گا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راہول کو اسپتال کے بیڈ پر آکسیجن لگا ہوا ہے اور وہ اکھڑتی سانس کےساتھ بتا رہے ہیں کہ اس وقت آکسیجن کی بہت قیمت ہے اور اس کے بغیر مریض کچھ بھی نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ماسک سے آکسیجن نہیں آرہی ہے بلکہ پانی آرہا ہے، میں اسپتال عملے کو آوازیں لگاتا ہوں کوئی آتا ہی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ راہول وہرا کو راجیو گاندھی اسپتال سے دوسرے اسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے تھے۔