لاہوریوں کی اکثریت کورونا وائرس کی برطانوی قسم کا شکار ہوئی، یوایچ ایس

02:58 PM, 10 May, 2021

لاہور : یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی نئی تحقیق   میں پتہ چلا ہے کہ لاہوریوں کی اکثریت کورونا وائرس کی برطانوی قسم کا شکار ہوئی۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی نئی تحقیق   کے مطابق لاہور کے 89 فیصد مریضوں میں وائرس کی برطانوی قسم کی موجودگی کا انکشاف  ہوا ہے ، صرف 2 فیصد مریضوں میں وائرس کا ساوتھ افریقن ویرینٹ پایا گیا۔
اچھی خبر یہ ہے کہ لاہور  میں کورونا کے تشویشناک مریضوں میں 25 فیصد تک کمی آئی ہے۔لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 29 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد تک رہ گئی ۔
دو ہفتے پہلے وینٹی لیٹرز 95  فیصد جبکہ آکسیجن بیڈز 78 فیصد تک بھر گئے تھے  ۔ 

آج  پاکستان میں کورونا مزید 78 زندگیاں نگل گیا ، ملک بھر میں اموات کی تعداد 18 ہزار 993 ہو گئی ۔ 24 گھنٹے کے دوران 3 ہزار 447 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، ملک بھر میں 37 ہزار 756 ٹیسٹ کئے گئے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9.12 فیصد رہی ، ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 8 لاکھ ، 61 ہزار 473 ہوگئی ۔

دوسری جانب ہمسایہ ملک بھارت میں کورونا کے باعث 3745 افراد دم توڑ گئے جبکہ چوبیس گھنٹے میں تین لاکھ چھیاسٹھ ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی ۔ کیسز کی مثبت شرح تقریباً 18 فیصد رہی ۔

مزیدخبریں