کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزیر اعظم عمران خان سے سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر کے قرضے کی واپسی کی وجوہات سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سعودی ارب کا قرض واپس کرنے کیلئے عمران خان نے چین سے قرضہ لیا ۔ عمران خان پوری دنیا میں کشکول اٹھائے گھوم رہے ہیں ، چندے پر ملک نہیں چلتے ۔
انہوں نے کہا کہ ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ۔ قرضہ لے کر اگر کرپشن میں اڑایا جاتا رہے گا تو عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پستا رہے گا ۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 3 روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں ۔ وزیراعظم کا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا جس میں پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی تعلقات مزید مستحکم بنانے کا عزم کیا ۔
اس دورے میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے علاوہ وفاقی وزراء بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ سعودی عرب کی سرزمین پر ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا ۔
بعد ازاں وزیراعظم اپنے خصوصی طیارے پر مدینہ منورہ کی بابرکت سرزمین پر ننگے پاؤں اترے اور نبی کریم حضرت محمد ﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا ، اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں ۔