لاہور:نامور گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ حالات کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اب ہمیں کورونا وائرس کے ساتھ ہی زندگی گزارنا پڑے گی ، حکومت کو یہ سوچنا ہوگا کہ لوگ کتنی دیر تک گھر میں بیٹھ کر کھا سکتے ہیں خاص کر سفید پوش طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے ، شہرت ملنے کے بعد بھی سائرہ نسیم ہی ہوں اور کبھی اپنے اندر غرور اور تکبر نہیں آنے دیا ۔
سائرہ نسیم نے کہا کہ لوگ ہر روز کورونا وباءکے ختم ہونے کی دعائیں مانگ رہے ہیں لیکن حالات سے ایسا لگتا ہے کہ اب ہمیں اس کے ساتھ ہی زندگی گزارنا پڑے گی جو انتہائی مشکل کام ہے ۔ کورونا کی وجہ سے بہت سے شعبوں کی سر گرمیاں محدود ہوگئی ہیں جس کے اثرات اس سے جڑے کئی شعبوں پر پڑرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سفید پوش طبقہ جس قدر مشکلات کا شکارہوا ہے وہ انتہائی تکلیف دہ ہے ، خدا کی ذات سے دعا ہے کہ ہم سب کے حال پررحم فرمائے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خدا کی ذات نے مجھے بہت عزت اور مقام دیا ہے لیکن میں نے کبھی اپنے اندر غرور اورتکبر نہیں آنے دیا کیونکہ جب انسان ایسا کرنا شروع ہو جائے تو سمجھیںاس کا زوال شروع ہوگیا ۔