اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خا ن نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کاعمل مکمل نہیں ہوسکتاجب تک پسماندہ علاقوں کودیگرعلاقوں کے برابرنہیں لایاجاتا ۔
تفصیلات کے مطابق ،وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پبلک سیکٹرڈیولپمنٹ پروگرام برائے مالی سال2020-2019 کا ا جلاس ہوا جس میں وزیرمنصوبہ بندی خسروبختیار،مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ شریک ہوئے ، اس کے علاوہ سیکریٹری خزانہ،سیکریٹری منصوبہ بندی بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو پبلک سیکٹرڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل پربریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ کم ترقی یافتہ اورپسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ماضی میں بدقسمتی سے منصوبوں کی تکمیل اورفعالیت پر توجہ نہیں دی گئی جس کے نتیجے میں منصوبوں کی لاگت میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا، پبلک سیکٹرڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف منصوبے شروع کردیے جاتے تھے لیکن ہرمنصوبےکی تکمیل،فعالیت پرخصوصی توجہ نہیں دی جاتی تھی۔
وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ، کم ترقی یافتہ علاقوں بلوچستان،جنوبی پنجاب،انضمام شدہ قبائلی علاقہ جات کی ترقی پر توجہ دی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نے کراچی کیلیے صوبائی،مقامی حکومت کی مشاورت سے مربوط منصوبہ پرکام کرنیکی ہدایت جاری کی۔