لاہور: پاکستان ایم سی سی کے آئندہ سال دورے کا خواب دیکھنے لگا،پی سی بی نے انگلش کرکٹ بورڈ کو2021ء میں شیڈول سیریز پاکستان میں ہی کھیلنے کا پیغام دیدیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی آہستہ آہستہ واپسی ہونے لگی ہے، رواں برس پی ایس ایل کے8میچز سے پی سی بی کا اعتماد بڑھ گیا اور اب اس نے دیگر ٹیموں کو بھی مدعو کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔
ذرائع نے بتایا اگلے سال ایم سی سی سکواڈ کو بھی دورے پر بلانے کا ارادہ ہے۔ لندن میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کلب کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی اور انھیں بتایا کہ پاکستان میں اب سکیورٹی صورتحال پہلے سے کافی بہتر ہے، آئندہ سال تک مزید فرق آئےگا لہذا اپنی ٹیم بھیجیں، اس سے ہمیں بڑے ممالک کے سکیورٹی خدشات بھی دور کرنے میں مدد ملے گی۔
اس سے قبل احسان مانی کی انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن سے بھی اہم میٹنگ ہوئی، ذرائع کے مطابق پاکستانی بورڈ کے سربراہ نے ان سے2021ء میں شیڈول سیریز کے میچز پاکستان میں ہی کھیلنے کا کہا ، البتہ ہیریسن نے کسی وعدے سے گریز کرتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی قدم اٹھایا جائےگا۔ذرائع کے مطابق احسان مانی اپنے دورئہ انگلینڈ میں ملاقاتوں سے بہت خوش تھے تاہم گذشتہ روز لاہور میں دھماکے سے ملک میںکرکٹ کی واپسی کو دھچکا لگا ہے،ایسے اکادکا واقعات ہی غیرملکی ٹیموں کو دورے سے روک دیتے ہیں، البتہ چیئرمین کو امید ہے کہ مجوزہ ٹورز تک حالات میں بہتری آجائےگی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 2009 ء سے اپنی سرزمین پر کسی ٹیسٹ کی میزبانی نہیں کی،اس وقت3 مارچ کو لاہور میں دہشت گردوں نے سری لنکن ٹیم پر حملہ کر دیا تھا جس کے بعد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے، طویل عرصے یو اے ای میں ہوم میچز کے بعد 2015ءمیں زمبابوے نے 2 ٹی ٹونٹی اور3 ون ڈے میچز کیلئے پاکستان کا دورہ کیا.
ستمبر 2017 ءمیں ورلڈ الیون 3 ٹی 20 اور اکتوبر میں سری لنکن ٹیم ایک ٹی ٹونٹی کھیلنے لاہور آئی۔ویسٹ انڈیز نے گزشتہ برس اپریل میں کراچی میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے، پی ایس ایل میچز کا بھی انعقاد ہوا، رواں برس تو8میچز کراچی میں کھیلے گئے،انکے پرامن انداز میں انعقاد نے اب مزید مقابلوں کی راہ ہموار کر دی ہے۔