ایف بی آر نے اداکارہ و ماڈل صبا قمر کو طلب کر لیا

02:31 PM, 10 May, 2018

لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے معروف اداکارہ و ماڈل صبا قمر کو طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اداکارہ صبا قمر کا سال 2014 سے 2015 تک کے انکم ٹیکس کا آڈٹ ہونا ہے اور انہیں اسی سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صبا قمر کو 16 مئی بدھ کے روز طلب کیا گیا ہے اور پیش نہ ہونے کی صورت میں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: صباءقمر کی بولڈ تصویر سوشل میڈیا پروائرل

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے صبا قمر کی تمام سفری معلومات ایف آئی اے سے طلب کر لیں ہیں اور یہ تمام تفصیلات ملنے کے بعد چھان بین کی جائے گی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ایف بی آر نے کراچی اور لاہور کے دیگر فنکاروں کی بھی فہرست تیار کر لی ہے جنہیں جلد ہی نوٹسز بھجوائے جائیں گے۔

دوسری جانب صبا قمر کی جانب سے ایف بی آر میں طلب کیے جانے پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اداکارہ پاکستان اور بھارت کے بعد ہالی وڈ میں بھی جلد جلوہ گر ہوں گی اور اس حوالے سے وہ جلد اعلان کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران عباس کا ہالی ووڈ فلم سائن کرنے کا دعویٰ

یاد رہے کہ صبا قمر کی بالی وڈ ڈیبیو فلم ’ہندی میڈیم‘ نے بھارت اور پاکستان سمیت چین مین شاندار بزنس کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایف بی آر گزشتہ برس انکم ٹیکس کی عدم ادائیگی پر گلوکار عارف لوہار، راحت فتح علی خان اور سابق اداکارہ نور کو بھی نوٹس بھیج چکا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں