لاہور: خاتون سب انسپکٹروں کو ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں ایس یچ او شپ کا کورس کرایا جا رہا ہے۔ خواتین نے اس اہم عہدے پر تعیناتی کے لیے خود ڈی آئی جی سے درخواست کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ خواتین کو ایس ایچ او لگانے سے محکمہ کا سافٹ امیج سامنے آئے گا اور عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہو گا۔ پنجاب پولیس کلچر میں تبدیلی کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت میں اب خواتین تھانیدار لگائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس خود پر لگی تھانہ کلچر کی چھاپ کو مٹانے کے لیے جتن کر رہا ہے، جس کے تناظر میں ایک بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب لاہور کے تھانوں میں خواتین کو تھانیدار تعینات کیا جائے گا۔ لاہور پولیس نے 5 خاتون سب انسپکٹروں کو ایس ایچ او لگانے کے لیے منتخب کیا ہے اور ان خواتین کو لاہور ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں ایس یچ او شپ کا کورس کرایا جا رہا ہے جہاں ان کے ساتھ 65 مرد سب انسپکٹرز بھی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق منتخب ہونے والی خواتین نے اس اہم عہدے پر تعیناتی کے لیے خود ڈی آئی جی سے درخواست کی تھی جس کو سہراتے ہوئے اعلی حکام نے ان کو کورس کرانے کے لیے منتخب کیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کے مطابق تھانہ کلچر میں تبدیلی کی جانب یہ ایک بڑا اقدام ہے۔ انہیں امید ہے کہ کورس مکمل کرنے کے بعد جب خواتین کو تھانوں میں بطور ایس ایچ او تعینات کیا جائے گا تو محکمہ کا سافٹ امیج سامنے آئے گا اور عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہو گا۔ اس نئی پالیسی کے بارے میں سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پولیس پر عام طور پر الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ کرپٹ ہے اور تھانوں میں چھوٹے چھوٹے کاموں کے لیے بھی رشوت طلب کی جاتی ہے لیکن خواتین کی تعیناتی کے بعد یہ تاثر زائل ہو جائے گا.