محمد عامر کا ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہنے پر غور شروع

01:45 PM, 10 May, 2017

کراچی: ذرائع کے مطابق فاسٹ بالر محمد عامر مختصر فارمیٹ کے کیریئر کی طوالت کیلئے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں کیونکہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی واپسی امیدوں کے مطابق نہ ہو سکی جس کی وجہ سے انہیں مسلسل کڑی تنقید کا بھی سامنا ہے۔ محمد عامر کو 19 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے کا موقع ملا۔

ان کی سوئنگ باﺅلنگ نے دنیا بھر کے بلے بازوں کے قدم اکھاڑ دیئے لیکن دنیائے کرکٹ میں انتہائی کم وقت میں شہرت پانے والے محمد عامر اتنی ہی تیزی سے تنازعات کے چنگل میں پھنس کر کرکٹ سے دور ہو گئے۔ 2010 کے دورہ انگلینڈ کے دوران انہیں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے انہیں جیل میں بھی رہنا پڑا۔

ان کے ساتھیوں محمد آصف اور سلمان بٹ کو بھی سزا ہوئی مگر کم عمری کی وجہ سے محمد عامر کو سزا میں رعایت دی گئی۔ محمد عامر سزا ختم ہونے کے بعد گزشتہ دنوں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ان ایکشن نظر آئے لیکن ان کی کارکردگی میں پہلے والی بات نظر نہ آئی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی وہ وکٹوں کیلئے ترستے نظر آئے۔ ان کی گیندوں کی رفتار اور سوئنگ کرنے کی صلاحیت بھی متاثر ہوئی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں