لاہور: موٹاپا بہت سی بیماریوں کا سبب بنتا ہے اور ہر کسی کو یہی فکر ہوتی ہے کہ وہ اپنی جسامت کو قابو میں رکھے لیکن بعض اوقات لاکھ احتیاط کے باوجود انسان اس کوشش میں ناکام رہتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ آپ اپنی روزمرہ کی عادات پر غور کریں اور دیکھیں کہاں غلطی ہے ۔اگر آپ کھانا بھی ٹھیک اور وقت پر کھاتے ہیں اور ورزش بھی کرتے ہیں اس کے باوجود وزن بڑھ رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ بہت ٹی وی دیکھنے کے شوقین ہیں ۔ ایسا ہم نہیں کہہ رہے بلکہ ایسا دعوی کیا ہے امریکی ماہرین نے جنہوں نے ایک طبی تحقیق میں یہ انکشاف کیا ہے کہ ٹی وی پر کوکنگ شو دیکھنے والی خواتین مٰن جلدی وزن بڑھتا ہے ۔
طبی جریدے جرنل Appetite میں شائع ہونے والی کارنیل یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ ٹی وی پر کھانے پکانے کے پروگرامز دیکھنے کے شوقین ہوتے ہیں، وہ موٹاپے کا بھی شکار ہوجاتے ہیں۔
اس تحقیق کے دوران 20 سے 35 سال کی عمر کی 501 خواتین کا سروے کیا گیا۔سروے کے نتائج سے معلوم ہوا کہ جو خواتین کوکنگ شوز دیکھنے کی شوقین ہوتی ہیں، ان کا جسمانی وزن دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔تحقیق کے مطابق جو خواتین ان شوز کو دیکھنے اور ان میں سکھائی جانے والی تراکیب کو گھر میں آزما کر دیکھتی ہیں، ان کا جسمانی وزن ان پروگرامز کو نہ دیکھنے والی خواتین کے مقابلے میں 5 کلو زیادہ ہوسکتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ اپنے شریک حیات سے تکرار یا جھگڑا ایسے ہارمون کو سرگرم کردیتا ہے جو ہمیں جنک فوڈ کے استعمال پر مجبور کرسکتا ہے۔