اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی خواہش ہے کہ کسی کو بھی سیاسی طور پر کھیلنے کا موقع نہ دیا جائے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ایوان میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے معاملے پر نعرے لگائے گئے، اور مذاکرات کے دوران بھی پی ٹی آئی کا رویہ یہی تھا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کا حق ہر شہری کو حاصل ہے، لیکن یہ ضروری ہے کہ وہ پرامن ہو، بدتمیزی اور بداخلاقی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ ملک میں پی ٹی آئی کی اندرونی ٹوٹ پھوٹ اور اختلافات کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔
سندھ میں پانی کے مسئلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ وفاق کا فرض ہے کہ وہ ہر صوبے کو اس کے حصے کا پانی دے، ملک میں پانی کی کمی نہیں ہے، اگر ایک یا دو ڈیم بنا لیے جائیں تو پانی کو ذخیرہ کرنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں، جس سے پانی کے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔