کیلیفورنیا: واٹس ایپ میں مصنوعی ذہانت (AI) کے حیران کن فیچرز شامل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اور اب اطلاعات ہیں کہ کمپنی ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کے تحت صارفین اپنی مرضی کے AI چیٹ بوٹس بنا سکیں گے۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق، کمپنی ایک ایسے فیچر پر کام کر رہی ہے جو صارفین کو مخصوص ترجیحات کے مطابق AI چیٹ بوٹس تخلیق کرنے کی سہولت دے گا۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین متعدد چیٹ بوٹس بنا سکیں گے اور ہر بوٹ مخصوص معلومات فراہم کرے گا۔
یہ چیٹ بوٹس عام چیٹ باکس کی طرح ہوں گے، لیکن یہ صارف کی فراہم کردہ معلومات اور ترجیحات کے مطابق جوابات دیں گے۔
اگر کوئی صارف صحت سے متعلق AI چیٹ بوٹ بنائے گا تو وہ صرف صحت سے متعلق معلومات فراہم کرے گا۔انٹرٹینمنٹ یا کھیل سے متعلق چیٹ بوٹس مخصوص موضوعات پر معلومات فراہم کریں گے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ فیچر کب تک صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا، تاہم واٹس ایپ کے ماہرین اس پر کام کر رہے ہیں اور امکان ہے کہ یہ فیچر جلد دستیاب ہوگا۔
یہ نیا فیچر واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ یہ نہ صرف ان کے تجربے کو مزید بہتر بنائے گا بلکہ AI کو مزید کارآمد بھی بنائے گا۔