سات گھنٹے سے کم یا زیادہ نیند لینے والے افراد ذہنی بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں، تحقیق

08:32 PM, 10 Mar, 2025

لندن: ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ نیند کی عام عادات الزائمر کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہیں، جبکہ بہت زیادہ یا بہت کم نیند لینا دماغی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

یونیورسٹی آف واروک کے سائنسدانوں کے مطابق بستر پر زیادہ دیر لیٹے رہنا یا سات گھنٹے سے زیادہ نیند لینا دماغی بیماریوں، خاص طور پر الزائمر کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ اسی طرح، مسلسل سات گھنٹے سے کم نیند لینا بھی ڈپریشن، امراض قلب اور موٹاپے کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ تحقیق "نیچر مینٹل ہیلتھ" میں شائع ہوئی، جس میں 38 سے 73 سال کی عمر کے تقریباً پانچ لاکھ افراد کی نیند کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا۔ تحقیق کے مطابق، بالغ افراد کے لیے روزانہ سات گھنٹے کی نیند لینا سب سے زیادہ فائدہ مند ہے۔

پروفیسر جیانگ فینگ فینگ، جو یونیورسٹی آف واروک کے اسکول آف کمپیوٹر سائنس سے تعلق رکھتے ہیں، نے اس تحقیق کی قیادت کی۔ محققین کا کہنا ہے کہ نیند اور صحت کے درمیان براہِ راست تعلق پایا گیا ہے، جسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
 

مزیدخبریں