اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک سے چینی ایکسپورٹ کرنے کے بعد بیرون ملک سے شکر درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق یہ اقدام ملک میں چینی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شکر کی درآمد سے مقامی سطح پر چینی کی قیمت میں کمی آئے گی اور آئندہ چینی کی پیداوار میں اضافے میں بھی مدد ملے گی۔
ذرائع کے مطابق درآمد شدہ شکر کو مقامی سطح پر ریفائن کرکے چینی میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ صارفین کو مناسب نرخوں پر چینی فراہم کی جا سکے۔
دوسری جانب شوگر انڈسٹری نے پچھلے سال حکومت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ چینی برآمد کرنے سے اس کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا، تاہم اس سال بھی چینی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رمضان المبارک کے دوران چینی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا، جس کے بعد لاہور اور پشاور میں ایک کلو چینی 170 روپے، کراچی میں 180 روپے اور کوئٹہ میں 165 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔