پنجابی میوزک انڈسٹری میں ہلچل، پروڈیوسر پنکی دھالیوال الزامات کے بعد گرفتار

پنجابی میوزک انڈسٹری میں ہلچل، پروڈیوسر پنکی دھالیوال الزامات کے بعد گرفتار

بھارت :بھارت کے معروف میوزک پروڈیوسر اور ’میڈ فار میوزک‘ کمپنی کے مالک پنکی دھالیوال کو گلوکارہ سنندا شرما کے خلاف بدسلوکی اور مالی استحصال کے سنگین الزامات پر گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پنجاب اسٹیٹ کمیشن فار وومن کی چیئرپرسن راج لالی گل نے اس معاملے کا سوموٹو نوٹس لیا، جس کے بعد یہ کارروائی عمل میں آئی۔

معروف پنجابی گلوکارہ سنندا شرما نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے پنکی دھالیوال پر کئی سالوں تک ان کی ادائیگیوں کو روکنے اور ذہنی دباؤ ڈالنے کے الزامات عائد کیے۔

سنندا شرما نے کہا کہ وہ ایک آزاد فنکارہ ہیں اور کسی بھی فرد یا ادارے کو ان کے پیشہ ورانہ معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا کسی کمپنی کے ساتھ معاہدہ نہیں ہے اور جو بھی ان کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

گلوکارہ نے بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نوجوان فنکارہ ہیں جو ریاست کا نام روشن کر رہی ہیں، لیکن کچھ عناصر ان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے انصاف اور تحفظ کی امید ظاہر کی۔

یہ معاملہ بھارتی میوزک انڈسٹری میں فنکاروں کے حقوق اور مالی استحصال جیسے اہم مسائل کو اجاگر کرتا ہے، اور اس حوالے سے مزید پیش رفت متوقع ہے۔