اسلام آباد:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے رویے سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ انہیں عوامی مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن کا شور شرابہ جاری رہا، لیکن صدر آصف زرداری نے اپنی تقریر کو جاری رکھا اور اہم مسائل کی نشاندہی کی۔
پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے اپنے خطاب میں حکومت کی معیشت میں بہتری کا ذکر کیا اور مختلف مسائل کی جانب توجہ دلائی۔ بلاول بھٹو نے بتایا کہ آصف زرداری وہ پہلے صدر ہیں جنہوں نے آٹھویں بار پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن غیرسنجیدہ ہے اور ان کی ترجیح عوامی مسائل کا حل نہیں ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن کا مقصد صرف اپنی سیاست کو فائدہ پہنچانا ہے۔
انہوں نے وفاق کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وفاق کو خبردار کیا اور دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے یکطرفہ فیصلے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ صدر آصف زرداری نے واضح طور پر اس پالیسی کی مخالفت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس متنازعہ منصوبے کو ترک کرے۔