اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پارٹی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پرامن احتجاج کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت قائم ہے، جس کے خلاف اپوزیشن آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں احتجاج کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید کے بعد عمران خان کی رہائی کے لیے مختلف احتجاجی آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، کیونکہ ہمیں عدلیہ سے انصاف کی کوئی امید نہیں رہی۔
یاد رہے کہ آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب کریں گے، جبکہ اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے حکومت نے اپنی حکمت عملی بھی تیار کر رکھی ہے۔