اسلام آباد : سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس کیس کی سماعت کرنے والا پانچ رکنی آئینی بنچ ٹوٹ گیا۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں بنچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس حسن اظہر رضوی ، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عامر فاروق شامل تھے۔
سماعت کے دوران بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے بتایا کہ جسٹس عامر فاروق اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس معاملے پر فیصلہ دے چکے ہیں، اس لیے وہ کیس کی سماعت نہیں کر سکتے۔دوران سماعت کمپنی کے وکلا نے کیس کی سماعت عید الفطر کے بعد کرنے کی درخواست کی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے وکیل فروغ نسیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عید تک کیس مکمل نہیں ہوگا، اور جو وکیل کیس چلانا چاہتے ہیں، انہیں کیس چلانے کی اجازت دی جائے تاکہ سماعت شروع ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکشن چار بی اور چار سی پر عدالتی فیصلوں کی الگ الگ پیپرز بک تیار کر لی جائیں۔ بعد ازاں، عدالت نے فریقین کو وکلا کی خدمات حاصل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔