اسلام آباد : پاکستان کی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اجلاس کی صدارت کریں گے اور اس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
مشترکہ اجلاس کا ایک نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے جس میں صرف صدر مملکت کا خطاب شامل ہوگا۔ اس کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا جائے گا۔ صدر آصف علی زرداری اپنے خطاب کے دوران حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا احاطہ کریں گے اور آئندہ کے لیے تجاویز پیش کریں گے۔ ان کے خطاب کے ساتھ ہی دوسرے پارلیمانی سال کا آغاز بھی ہو جائے گا۔
اجلاس میں صوبائی گورنرز، وزرائے اعلیٰ، صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفارتکاروں، اعلیٰ بیوروکریسی اور آئینی اداروں کے سربراہان کو بھی دعوتیں ارسال کی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے یہ مشترکہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر طلب کیا تھا۔