اسلام آباد : آصف علی زرداری نے صدرِ پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ ایوانِ صدر میں ہونے والی تقریبِ حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آصف علی زرداری سے صدرِ مملکت کے عہدے کا حلف لیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف، سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، بلاول بھٹو، بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری تقریب میں شریک ہوئے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
آصف علی زرداری واحد سویلین ہیں جو دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں، گزشتہ روز آصف علی زرداری نے 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ امیدوار محمود خان اچکزئی کو 180 الیکٹورل ووٹ ملے تھے۔