ملتان : قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اور پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے انکشاف کیا ہے کہ بابر اعظم جلد ہی شادی کرنے والے ہیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی اور شاداب خان کو میں نے ہی شادی کرنے کا کہا تھا، میں چاہتا ہوں ایمانی صفات جلد پوری ہو جائیں، شادی کرنا اللہ کا حکم ہے، شوہر اور بیوی کا رشتہ اللہ نے بہت مقدس بنایا ہے۔
محمد رضوان نے مزید کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ بہت دوستی ہے، رات دیر گئے کمرے میں رہتے ہیں، بابر اعظم اور میں ایک دوسرے سے زندگی کے مختلف پہلوؤں پر مشورہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی اور کے کمرے میں جانے سے پہلے میسج کرتے ہیں لیکن بابر اعظم اور میرے درمیان ایسا کچھ نہیں، کسی بھی وقت ہم دونوں ایک دوسرے کے کمرے میں چلے جاتے ہیں، بابر اعظم اور میں ایک دوسرے سے سیکھتے رہتے ہیں۔
محمد رضوان نے مزید بتایا کہ میری تعلیم زیادہ نہیں لیکن اسلامیہ کالج سے انٹر کیا تھا، مزید تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن کرکٹ کی وجہ سے نہیں پڑھ پایا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے ساتھ تعلیم ضروری ہے، مصباح الحق، محمد حفیظ اور شان مسعود مثال ہیں، پاکستان کے ایجوکیشنل سسٹم میں اسپورٹس اسکالر شپ ہونی چاہیے۔