پشاور:وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے نو منتخب صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کاکہنا ہے کہ صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کروں گا۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پورے پاکستان میں ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا ہے جس کے خلاف آج پشاور میں پرامن احتجاجی جلسہ کریں گے ،عدلیہ کو مینڈیٹ چوری کے خلاف ایکشن لینا چاہئے۔
انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے فوری استعفیٰ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کروں گاتاہم ان کے کرسی سنبھالنے کے بعد انہیں صدر ماننا ہی پڑے گا۔ ہمارا خزانہ خالی نہیں ہے ، ہمیں ہمارا حق نہیں دیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے آئین کی حفاظت کرنی ہے، بین الاقوامی اداروں نے بھی ان انتخابات کو ماننے سے انکار کیا ہے، اگر ادارے یقین دہانی کرائیں تو دوبارہ انتخابات کے لئے تیار ہیں۔