راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 27 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے ریلی روسو کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
پنڈی کلب گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنرز بابراعظم اور صائم ایوب کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
بابراعظم نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے جبکہ نوجوان صائم ایوب نے 33 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
محمد حارث نے بھی رنز کی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے اور صرف 11 گیندوں پر 4 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 35 رنز بنائے جبکہ حسیب اللہ خان 7، عظمت اللہ عمرزئی 16 اور وہاب ریاض 7 رنز بنا سکے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 39 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ انور علی اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے ریلی روسو نے انتہائی عمدہ اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ناصرف پی ایس ایل کی تیز ترین نصف سنچری سکور کی بلکہ اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح سے بھی ہمکنار کروایا۔ انہوں نے 51 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 121 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے دیگر بلے بازوں میں شان مسعود 5، محمد رضوان 7، کیرون پولارڈ 52، ٹم ڈیوڈ 2، خوشدل شاہ 18، انور علی 24 اور اسامہ میر 11 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
پشاور زلمی کے عظمت اللہ عمرزئی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 62 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مجیب الرحمن، ارشد اقبال، وہاب ریاض اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، روومین پاول، ٹام کوہلر کیڈمور، محمد حارث، حسیب اللہ خان، عثمان قادر، وہاب ریاض، عظمت اللہ عمرزئی، مجیب الرحمن اور ارشد اقبال شامل تھے۔
ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، ریلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، کیرون پولارڈ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، شیلڈن کوٹریل اور احسان اللہ شامل تھے۔