لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی اعلیٰ سطحی مشاورت ہوئی جس میں عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو غیر ملکی سفارت کاروں کو خط لکھنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے سفارت کاروں کو لکھے جانے والے خطوط میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا جائے گا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھی خطوط کی کاپیاں ارسال کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خطوط میں ظل شاہ کی ہلاکت، پارٹی رہنماؤں کے خلاف مقدمات، لاٹھی چارج اور تشدد کے واقعات کے علاوہ حکومتی اداروں کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کا معاملہ بھی اجاگر کیا جائے گا۔