پشاور: خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر برائے مذہبی امور نے سیکرٹری کو فوری طور پر رویت ہلال کمیٹی اجلاس کیلئے کھانے کا ٹینڈر واپس لینے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر برائے مذہبی امور فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے رویت ہلال کمیٹی کیلئے کھانے کے ٹینڈر کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی اجلاس میں کھانے کیلئے گزشتہ روز ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔
نگراں وزیر نے کہا کہ نگراں حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور موجودہ معاشی صورتحال میں پرتکلف کھانوں کا اہتمام کسی صورت برداشت نہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے 12 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کی جائے اور رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں صرف کمیٹی ممبران کو مدعو کیا جائے۔
واضح رہے کہ پشاور میں رویت ہلال کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں کھانوں کا مینو منظرعام پر آیا تھا اور ایڈمنسٹریٹر محکمہ اوقاف نے اجلاس کے انتظامات کے حوالے سے ٹینڈر نوٹس جاری کیا تھا۔
محکمہ اوقاف کے دستاویز کے مطابق 22 مارچ کو رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف آفس میں ہو گا جس میں 100 وی آئی پیز اور 100 عام لوگوں کیلئے کھانا تیار کرنے کا بھی کہا گیا تھا۔
دستاویز کے مطابق کھانوں میں دم پخت چاول، مکس سبزی، چکن تکہ بوٹی، چکن کڑاہی، سیخ کباب، رشین سیلڈ، حلوہ، منرل واٹر، کولڈ ڈرنکس، چائے، پیسٹری، سینڈوچ اور بسکٹ بھی شامل تھے۔
خیبرپختونخواہ، سیکرٹری مذہبی امور کو رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں کھانے کا ٹینڈر واپس لینے کا حکم
05:44 PM, 10 Mar, 2023