لکی مروت: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں ایک خاندان نے ولیمے میں مہمانوں کو کھانا دینے کے بجائے مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کیے
تفصیلات کے مطابق وقاص خان اور شمعون خان کی شادی ہوئی تو اس خاندان کے بڑوں نے فیصلہ کیا کہ موجودہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگار کے دور میں مہمانوں کو ولیمے کا کھانا دینے کے بجائے علاقے کے مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کریں گے۔اور اس فیصلے کے بعد 600 گھرانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے جس میں آٹا، گھی، چاول، چینی اور دالیں شامل تھیں، بیگز کی تیاری پر لاگت فی کس 6 ہزار 500 روپے آئی۔
انہوں نے کہا کہ ولیمے پر تقریباً 20 لاکھ روپے خرچ آنا تھا جو ہم نے فوڈ بیگز کی تیاری پر لگا دیا اور ایسے افراد کو راشن دیا جو دو وقت کی روٹی کمانے سے قاصر ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے اپیل کی کہ موجودہ دور میں دیگر صاحب ثروت افراد بھی اس اقدام کی پیروی کریں۔