لندن: عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت گرگئی ، برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 115 ڈالر فی بیرل ہوگئی ۔ گزشتہ روز برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 130 ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی ۔
واضح رہے کہ امریکا اور برطانیہ نے روس سے تیل اور گیس کی برآمدات پر پابندی لگا دی ہے ۔ وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صدر جو بائیڈن نے کہا کہ امریکا روس کی معیشت کی شاہ رگ پر حملہ کرنے جا رہا ہے ۔ اب امریکی بندرگاہوں پر روسی تیل کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔
قبل ازیں برطانیہ کی طرف سے بھی اعلان کیا گیا تھا کہ برطانیہ بھی روس سے مزید تیل برآمد نہیں کرے گا ۔
امریکا اور برطانیہ کی طرف سے روس سے تیل اور گیس کی برآمد پر پابندی کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ تھا ۔
ادھر ، آئی ایم ایف نے یوکرین کے لیے اس کے فوری بیلنس آف پیمنٹ بحران سے نمٹنے کے لیے 1.4 ارب ڈالر کی منظوری دی ہے ۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا کہنا ہے کہ یوکرینی حکام آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر ایک ‘مناسب معاشی پلان‘ تشکیل دیں گے ۔